لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے لاہور کی تاریخی قائداعظم لائبریری میں پاکستان کے جدید ترین لنکن کارنر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات بڑھائینگے یہ لنکن کارنر امریکہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان افہام و تفہیم اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے مسلسل عزم کی نشاندہی کرتا ہے ، یہ پاکستان کے روشن اور باصلاحیت نوجوانوں میں سرمایہ کاری ہے۔لنکن کارنرز پاکستان میں امریکی مشن اور منتخب اداروں کے درمیان قریبی پارٹنرشپ ہیں، جو سیکھنے، اختراعات اور ثقافتی تبادلے کے لیے متحرک جگہیں پیش کرتے ہیں اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہنر سیکھنے کے لیے غیر معمولی وسائل فراہم کرتے اورپاکستانی نوجوانوں اور ابھرتے ہوئے رہنماؤں کو مفت تعلیمی پروگراموں، انگریزی زبان سیکھنے، اور امریکی ثقافت، تاریخ اور اعلیٰ تعلیم سے متعلق وسائل کے مجموعے کے ذریعے امریکہ سے جوڑتے ہیں۔