اسلام آباد (مہتاب حیدر)یونیسکو، اٹلی کا پاکستان کے چھ اضلاع میں تعلیم کا منصوبہ شروع نہ ہو سکا، پراجیکٹ کی میعاد ستمبر 2025میں ختم ہوگی، پروجیکٹ کی مالی معاونت کی تخمینہ لاگت 300ملین روپے ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونیسکو اور اطالوی حکومت کا پاکستان کے دور دراز کے چھ اضلاع میں تعلیم کی فراہمی کا منصوبہ تین ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔ پراجیکٹ کی میعاد ستمبر 2025میں ختم ہو رہی ہے لیکن ابھی تک یہ پراجیکٹ عمل درآمد کا مرحلہ نہیں دیکھ سکا۔ اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) نے اطالوی ترقیاتی ادارے کے ساتھ مل کر چھ دور دراز اضلاع میں فاصلاتی تعلیم کے مقصد کے لیے ایک پروجیکٹ کی مالی معاونت کی ہے جس کی تخمینہ لاگت 300 ملین روپے ہے۔ لیکن ابھی تک شراکت دار تنظیموں کی خدمات حاصل کرنے کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ پاکستان کو درپیش شدید معاشی چیلنجز بشمول بھاری ٹیکسوں کا بوجھ اور آئی ایم ایف کے مسلسل پروگرام کے درمیان تعلیم کا شعبہ بھی مشکلات کا شکار ہے جبکہ ملک میں 28.6 ملین سے زیادہ بچے اسکول نہیں جاتے۔ معیار، رسائی اور قابل استطاعت کے متعدد مسائل ہیں جنہوں نے اس خطرناک اعدادوشمار میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔