کراچی( اسٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میں زیر کرنے کے بعد قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان محمدرضوان نے کہا ہے کہ پوری ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صائم ایوب نے اچھاآغازدیا، بابرکے ساتھ میری اچھی شراکت رہی، کامران غلام کی اننگزنے جنوبی افریقا کو میچ سے دورکردیا۔ کامران پربھروسہ تھا لیکن انہوں نے امید سے بڑھ کرپرفارم کیا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اورابرار احمد نے زبردست بولنگ کی۔ قومی ٹیم کو سیریز جیتنے پر وزیر اعظم شہباز شریف،پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے مبارک باد دی ہے۔ شکست خورہ سائیڈ کے کپتان ٹیمباباووما کہتے ہیں، ایک موقع پر لگ رہا تھا میچ ہمارے ہاتھ میں ہے مگروکٹیں گرتی رہیں، اب بھی سمجھتا ہوں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ درست تھا، اپنی بیٹنگ میں تسلسل لانا ہوگا۔ بیٹرز نے دونوں میچوں میں مایوس کیا۔ دوسری جانب مین آف دی میچ کامران غلام نے کہا کہ ڈومیسٹک کر کٹ میں اچھی کار کردگی کا تجربہ میرے کام آرہا ہے، آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے خلاف جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے جس سے چیمپئنز ٹرافی میں فائدہ ہوگا، بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں، ان کا فارم میں آنا ٹیم کیلئے سود مند رہا، کپتان رضوان نے بہت حوصلہ دیا تھا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے سیریز جیتنے پر کھلاڑیوں کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کرکے سیریز اپنے نام کی، محمد رضوان، بابر اعظم اور کامران غلام نے عمدہ بیٹنگ کرکے جیت کی بنیاد رکھی، امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی دکھائے گی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔