کراچی( نصر اقبال ،اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے نامور کھلاڑی سابق کپتان فلائنگ ہارس سمیع اللہ کے مجسمے کا جنگلہ نشئی نے چوری کر کے ایک ہزار روپے میں بھیج دیا، بھاول پور میں لگے ہوئے اس مجسمے سے تین سال قبل گیند اور ہاکی بھی چوری کرلی گئی تھی ، جس کے بعد ۔کنٹونمنٹ بورڈ نے یادگاری مجسمہ کو محفوظ رکھنے کے لئے چبوترہ بناکر اس کے گرد حفاظتی آہنی جنگلہ لگا دیا تھا تاہم اب وہ بھی چور لے اُڑے۔یادگاری مجسمہ سے ہاکی اور گیند چوری ہونے کے بعد سول سوسائٹی نے ایک عارضی ہاکی اور گیند بھی لگادی تھی۔ سابق کپتان نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ جنگلہ چور کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا اور وہ ایک ماہ سے زیادہ تھانے میں بند رہا جب مجھے معلوم ہوا تو میں نے تھانہ جاکر اسے رہائی دلوائی، اس نے اعتراف کیا کہ اسے ایک ہزار روپے میں فروخت کردیا،رہائی کے وقت اس نے مجھ سے معافی مانگی اور میرے ساتھ تصویر بھی بنوائیں،سمیع اللہ نے کہا کہ حکومت کا مشکور ہوں کہ اس نے میرا مجسمہ نصب کیا ۔