کراچی (اسٹاف رپورٹر/ اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے مسلسل تین ون ڈے سیریز جیت کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنے خطرناک ارادے ظاہر کردیے، پاکستان میگا ایونٹ کی میزبانی کرےگا۔ کپتان رضوان، بابر اعظم اور شاہین آفریدی نے نئے سنگ میل عبور کیے ہیں۔ گرین شرٹس کی موجودہ پرفارمنس تمام ٹیموں کیلئے خطرے کا الارم ہے۔ ٹاپ پلیئرز فارم حاصل کررہے ہیں، جبکہ نوجوانوں میں خود پر بھروسہ اور اعتماد پیدا ہورہا ہے۔ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے پہلے زمبابوے اور آسٹریلیا کو شکست دی اور پروٹیز کو آؤٹ کلاس کردیا ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد تیسرے میچ کیلئے قو می ٹیم کیپ ٹاؤن سے جوہانسبرگ پہنچ گئی۔ آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ جنوبی افریقا میں تین یا زیادہ مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقا میں دس سیریز کھیلیں،1997، 2002 اور 2011 میں کامیاب رہا۔ اس سے قبل پاکستان نے 2013، 2021 میں جنوبی افریقا کو سیریز کی شکست دی اور اب 2024 میں جنوبی افریقا میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں لگاتار شکست دیکر سیریز اپنے نام کی۔ بابر اعظم نے چار ملکوں کے خلاف تمام فار میٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا، انہوں نے ان ممالک کے خلاف اب تک39نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے پاس تھا جنہوں نے جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تمام فارمیٹس میں 38 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان آسٹریلیا اور جنوبی افریقامیں ون ڈے سیریز جیتنے والے پاکستان کے پہلے کپتان بن گئے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے جنوبی افریقا کے خلاف27 میچز میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی اور وسیم اکرم ریکارڈ توڑ دیا۔ وسیم اکرم نے 31 میچز میں 48 شکار کیے تھے۔ وہ58 ون ڈے میچوں میں 117 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولر بن گئے، انہوں نے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کا 58 ون ڈے میچوں میں 115 وکٹوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ 58 میچوں میں سب سے زیادہ وکٹوں کا اعزاز افغانستان کےراشد خان کا 125وکٹوں کا ہے۔ فاسٹ بولرز میں اتنے میچوں میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 58 113 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے شین بونڈ 111 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ شاہین آفریدی نے یہ سنگ میل 27 اننگز میں حاصل کیا ۔جنوبی افریقا کے خلاف سابق فاسٹ بولر وقار یونس 43 اننگز میں 82 جبکہ سعید اجمل نے 36 اننگز میں 65 و کٹیں حاصل کی۔