کراچی (اسٹاف رپورٹر) بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں اسٹالینز نے مارخورز اور نورپور لائنز نے فتح حاصل کرلی۔ جمعے کوراولپنڈی میں اینگرو ڈولفنز71 پر ڈھیر ہوگئی ، پہلا میچ کھیلنے والے آفاق آفریدی نے ہیٹ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں ۔ یہ ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ بھی ہے۔ موسیٰ خان نے 14 رنز دے کر 4 شکار کیے ۔نور پور لائنز نے 72 رنز کا ہدف تین وکٹ پر پورا کرلیا، عمیر بن یوسف نے 34 رنز بنائے ۔ محمد طحہ 28 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری جانب اسٹالینز نے 9 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔ مارخورز کی ٹیم 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فخرزمان ایک، کپتان افتخار احمد ، محمد نواز اور عبدالصمد صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ سعد مسعود 38، نثار احمد نے22 رنز اسکور کیے۔ محمد علی نے 4 اور جہانداد خان نے تین کھلاڑیوں وکٹ لیے۔