اسلام آباد (طاہر خلیل) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات کریں ،ہمارے دروازے کھلے ہیں کوئی آئے گا تو ناں نہیں کرینگے، مگر لوگوں کو پکڑ کر نہیں کہہ سکتے کہ آئیں مذاکرات کریں آیت الکرسی اور درود شریف پڑھ کر پھونکیں گے تو راستہ بنتا جائے گا، جس کی منت کرنا پڑی کریں گے حکومت کی کمیٹی بھی بن جائے گی ، جبکہ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گفت و شنید نہیں کریں گے تو معاملات حل نہیں ہونگے ۔
سپیکر ز کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے ایاز صاد ق نے کہا کہ اپوزیشن کی مرضی ہو گی تو ہم سہولت کاری کرینگے ،بہتری کیلئے جس کی بھی منت کرنا پڑی کریں گے اور حکومت کی کمیٹی بھی بن جائے گی تو بات چیت آگے چل پڑے گی ، راستہ بننا شروع ہو جائے گا ،آیت الکرسی اور درود شریف پڑھ کر پھونکیں گے تو حالات بہتر ہوتےجائیں گے .
انہوں نے کہا کہ سپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے جو حکومت ، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کو مساوی وقت دینے، تنازعات کی صورت میں ثالثی کا کردار ادا کرنے بااعتماد فورم ہوتا ہے۔