• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ کا آرٹس کونسل کراچی کا دورہ

کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے آرٹس کونسل کراچی کا دورہ کیا اور عالمی ثقافتی فیسٹیول کی شاندار کامیابی پر احمدشاہ اور انکی ٹیم کو مبارکباد دی،مشعال ملک نے کہا کہ عوام کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کیلئے آواز بلند کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ اُن کا استقبال صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور چیئرپرسن وومن ایمپاورمنٹ کمیٹی چاند گل شاہ نے کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نےمشعال ملک کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا جبکہ ان کیلئے آرٹس کونسل کی اعزازی ممبر شپ کا اعلان بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنی بیٹی اور بہن کے ہمراہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ39 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ہم نے غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا،ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ایک ساتھ پانچ مختلف فیسٹیولز چل رہے تھے، ہم نے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے فلم فیسٹیول میں کشمیر پر برما کے ہدایت کار کی فلم "سیج ان دا ائیر " کی اسکریننگ بھی کی۔ ہم نے کشمیر کے مسئلے پرورلڈ کلچر فیسٹیول کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ مشعال ملک نہ صرف ایک حساس مصورہ ہیں بلکہ دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حقیقی تناظر کو اجاگر کرنے کے لیے بڑا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح غزہ میں نسل کشی ہورہی ہے اسی طرح کشمیر میں بھی کشمیریوں کو ظلم کا سامنا ہے۔
اہم خبریں سے مزید