اسلام آباد(نمائندہ جنگ)تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ پاکستان نےاعلان کیاہے کہ گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات کے متعلق پراپیگنڈہ کرنے والے یوٹیوبرز اور صحافیوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ مرکزی جنرل سیکریٹری تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ پاکستان حافظ احتشام احمد نےکہا کہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے بعض عناصر کی جانب سے مقدس ہستیوں بالخصوص حضور ﷺ کی توہین پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات کو متنازع بنانے اور ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اسپیشل برانچ پولیس پنجاب کی ایک سورس انفارمیشن رپورٹ اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی ایک تفتیشی رپورٹ کو بنیاد بناتے ہوئے پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔جبکہ حقائق یہ ہیں کہ اسپیشل برانچ پولیس پنجاب خود سورس انفارمیشن رپورٹ کو غیر مصدقہ،بے بنیاد قرار دے چکی ہے اور لاہور ہائیکورٹ این سی ایچ آر کی رپورٹ کو غیر قانونی اور جانبدارانہ ہونے کی بنیاد پر معطل کر چکی ہے۔