کراچی (اسد ابن حسن) سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں 2008میں کانٹریکٹ سے مستقل ہونے والے ایف آئی اے سائبر کرائم کے افسران کو دوبارہ 27 برس بعد کانٹریکٹ ملازمین کا درجہ دے دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسر سید حماد حسن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی میں تعینات 34 افسران کو دوبارہ کانٹریکٹ پر ہی تصور کیا جائے۔ مذکورہ افسران ان ہزاروں سرکاری ملازمین میں شامل تھے جن کو 2008 میں اس وقت کے وزیر سید خورشید شاہ نے ملازمتوں پر مستقل کر دیا تھا۔ بعد میں ملازمین کی مستقلی عدالتوں میں چیلنج ہوتی رہی اور آخرکار سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ ان ملازمین کی مستقلی غیر قانونی تھی۔ اس معاملے کو کابینہ میں بھی دوبارہ پیش کیا گیا تھا مگر فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیا گیا۔