کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹر نیشنل ڈی ایل میتھڈ پر36رنز سے جیت لیا اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں پہلی بار تین صفر سے وائٹ واش مکمل کرلیا۔پہلا ون ڈے کھیلنے والے اسپنر سفیان مقیم نے52رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔جنوبی افریقا کی ٹیم 42اوورزمیں 271رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ شاہین شاہ اور نسیم شاہ کو دو دو وکٹ ملیں۔ پاکستان کو ٹی ٹوئینٹی سیریز میں دوصفر سے شکست ہوئی تھی۔اتوار کی شب پنک ڈے میچ میں صائم ایوب نے سیریز میں دوسری سنچری بنائی اوردس اوورز میں 34رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے ہنرک کلاسن نے43گیندوں پر81رنز بنائے۔روسی وان ڈیسن35رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کاربن بوش40رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔قبل ازیںجوہانسبرگ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو47,47اوورز تک محدود کردیا گیا۔ بارش رکنےکے بعد ٹاس ہوا تو جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ شروع ہونے کے بعد دوبارہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور 3 اوورز کم کردیے گئے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 47 اوورز میں 9وکٹ پر 308رنز بنائے پاکستان کے آخری پانچ وکٹ 11رنز پر گرے۔صائم نے نویں میچ میں تیسری سنچری بنائی انہوں نے94گیندیں کھیلیں اور101رنز بنائے جس میں 13چوکے اور دوچھکے شامل تھے ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے52گیندوں پر 53اور بابر اعظم نے دس رنز پر کیچ ڈراپ ہونے کے بعد52رنز 71گیندوں پر بنائےنائب کپتان سلمان آغا 48رنز 33گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں اور طیب طاہر 28رنز بنا کر نمایاں رہے۔میزبان ٹیم کی جانب سے رابادا نے تین، مارکو ینسین اور فوٹیون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔طیب طاہر، محمد حسنین اور سفیان مقیم پلیئنگ الیون میں شامل کیےگئے جب کہ عرفان نیازی، حارث رؤف اور ابرار کو ڈراپ کیا گیا۔