• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا

کراچی(عبدالماجد بھٹی)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے19فروری سے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔افتتاحی میچ دفاعی چیمپین اورمیزبان پاکستان اور سابق چیمپین نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔فائنل9مارچ کو دبئی یا لاہور میں کھیلا جائے گابھارتی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ معاہدے کے مطابق دبئی میں کھیلے گی۔بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔تمام میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔پاکستان اور بھارت کا میچ 23فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی کے میچ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ ایونٹ میں 8 ٹیموں کے درمیان 15 میچ ہوں گے۔ بھارت نے فائنل کیلیے کوالیفائی نہ کیا تو ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا۔پاکستان کم از کم دس میچوں کی میزبانی کرے گا۔لاہور اور دبئی چار چار جبکہ کراچی اور پنڈی تین تین میچوں کی میزبانی کرے گا۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نےکہا ہے کہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی کیلئے پرُجوش ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ مساوات اور احترام کے اصولوں پر مبنی ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جو تعاون اور اشتراک کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے جو ہمارے کھیل کی تعریف کرتا ہے۔آئی سی سی بورڈ اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔جنہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند حل حاصل کرنے میں ہماری مدد کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی کرکٹ کے مفادات کے فروغ میں ان کی کاوشیں انمول رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید