لاہور (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان مختلف امور پر اتفاق رائے ہوگیا جبکہ مسلم لیگ (ن)نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ذرائع کے مطابق رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق بھی ہوا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مرکز میں حکمران اتحاد میں شامل دونوں جماعتوں کی کوارڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس 2گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضی، سید مخدوم احمد محمود، ندیم افضل چن اور پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی شریک ہوئے۔ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے ڈپٹی وزیراعظم اسحق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور مریم اورنگزیب شریک ہوئے۔ذرائع نے دعوی کیا کہ اجلاس کے آغاز میں ہی پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن)پر اپنا 2 ٹوک موقف واضح کردیا اور موقف اپنایا کہ مسلم لیگ (ن)اتحادی حکومت کے معاملات کو آگے نہیں بڑھاناچاہتی تو واضح کردے۔