اسلام آباد(ایوب ناصر)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے مذاکرات ہوں مگر مطالبات کی منظوری کا ٹائم فریم ہونا چاہیے‘اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہاکہ انہیں ضمانتوں کے پیچھے لگا دیا گیا ہے‘پی ٹی آئی مجبوری میں مذاکرات کر رہی ہے جبکہ اسدقیصر کا کہناہے کہ یورپی یونین اور برطانوی حکومت کو بھی ملٹری کورٹس کے ٹرائل پر تحفظات ہیں۔تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وکلا کی ٹیم نے بھی ملاقات کی ۔بشریٰ بی بی خیبرپختونخوا حکومت کے سرکاری پروٹوکول میں اڈیالہ جیل پہنچیں‘ان کی سیکورٹی پر12اہلکار تعینات تھے جبکہ 2بلٹ پروف گاڑیاں بھی پروٹوکول میں شامل تھیں۔بشریٰ بی بی کے جانے کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان‘قاضی انور‘ وکلاءعلی بخاری ‘ علی اعجاز بٹر اور فیصل چوہدری نے بھی اڈیالہ جیل پہنچ کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعداڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرکا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کے آغاز کے بارے میں آگاہ کردیا مگرانہوںنے کہا ہے کہ ٹائم فریم ہونا چاہیے‘ہمارے جائز مطالبات پر جلد از جلد مگر ایک مقررہ وقت کے اندر کوئی پیش رفت ہونی چاہیے ۔ فارن پالیسی کے معاملات پر چیئرمین‘ سیکرٹری اور انفارمیشن سیکرٹری کے سوا کوئی بات نہیں کرے گا۔