اسلام آباد‘ آستانہ (مانیٹرنگ ڈیسک‘ این این آئی) آذر بائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ طیارے میں 62مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے جن میں سے 32افراد کے بچ نکلنے کا بتایا جا رہا ہے، پرندہ ٹکر انےکےباعث گروزنی میں دھند کے باعث طیارے کو اپنا رخ بھی موڑنا پڑا، طیار ہ زمین سے ٹکر ا تے ہی اس میں آ گ بھڑ ک اٹھی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آذربائیجان کا مسافر بردار طیارہ چیچنیا جا رہا تھا کہ قازقستان ائیر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔ وائرل ویڈیوز میں طیارے کو تیزی سے نیچے کی طرف آتے اور پھر زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ طیارے کے زمین سے ٹکراتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی اور تیزی سے دھواں نکلنے لگا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھند کے باعث روٹ تبدیل کیا گیا تھا اور حادثے سے قبل طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔ خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے باعث طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں آذر بائیجان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے آذربائیجان کے طیارہ کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عزیزبھائی صدر آذربائیجان الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔