اسلام آباد (صالح ظافر) رواں سال امریکا میں عہدہ سنبھالنے والے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے حوالے سے آئندہ ہفتے یہاں اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم مشاورت کریں گے۔
اس نمائندے کے ساتھ مختصر بات چیت میں سفیر نے کوئی تفصیلات شیئر نہیں کیں تاہم آئندہ ہفتے اپنے دورۂ اسلام آباد کے حوالے سے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، امریکا میں پاکستانی سفیر کی وطن واپسی اس لحاظ سے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے میں چار ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ وائٹ ہائوس میں تبدیلی کے نتیجے میں پاک امریکا تعلقات میں نیا موڑ آ سکتا ہے، اور اس لحاظ سے ملنے والے اشاروں کو اچھا نہیں سمجھا جا رہا بلکہ انہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں صریح مداخلت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔