شکارپور (نامہ نگار) تھانہ ناپرکوٹ کی حدود گڑھی تیغو کچہ کے علائقے میں ڈاکوؤں نے حملہ آور ہوکر مقامی ہوٹل پر فائرنگ شروع کردی. فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے کے باعث دو پولیس اہلکار جیکب آباد کا رہائشی الطاف احمد بروہی اور خیرپور کا رہائشی عبدالقادر کالادی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے. واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شہید پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر سول اسپتال شکارپور پہنچایا. جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا. حاصل کردہ معلومات کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ضلع کشمور میں تعینات تھے، جوکہ مقامی ہوٹل پر چائے پینے کے لیے بیٹھے تھے کہ ڈاکوؤں نے حملہ کرکے فائرنگ شروع کردی. واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے ڈاکوؤں کا گھیرا مزید تنگ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔