کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں سندھ کو وفاقی فنڈز میں اضافہ ہوا ہے، جب جب کوئی ایشو کھڑا ہوتا ہے پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے عوام کے مفاد کیلئے آگے بڑھ کر بات کرتی ہے، ہمارے باقاعدہ احتجاج کے بعد ہی وفاقی حکومت نے اس سال سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 180 ارب روپے مختص کیے ہیں ورنہ تو پچھلے سال تک یہ رقم کم ہو کر پانچ چھ ارب روپے تک رہ گئی تھی،اگر ہم دشمن ممالک سے مذاکرات کر سکتے ہیں تو 9 مئی کے ملزمان سے کیوں نہیں،مذاکرات تو جمہوریت کا حسن ہیں، قوم کی خوشحالی اتحاد میں مضمر ہے۔، 9 مئی والےتو ہمارے پاکستانی شہری ہیں، ان لوگوں سے بات کرنا ضروری ہے جنہیں گمراہ کیا گیا ہے اور انہیں اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کیا۔ بات چیت کے آغاز میں مراد علی شاہ نے قائداعظم کی 148ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مسیحی برادری کو بھی کرسمس کی مبارکباد دی اور یاد کرایا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو اپنی تقریر میں کہا تھا کہ یہ ملک تمام مذاہب کی آزادی کیلئے بنایا گیا ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والے اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جا کر عبادت کرنے کیلیے آزاد ہیں۔