صنعاء (اے ایف پی، جنگ نیوز) یمن کے حوثیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر ایک بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون داغے ہیں، چند روز قبل بھی حوثیوں کے تل ابیب پر حملے میں 16 اسرائیلی زخمی ہوگئے تھے۔
حوثی افواج نے ایک بیان میں کہا، "یمن کی مسلح افواج نے یافا (تل ابیب) کے مقبوضہ علاقے میں آواز کی رفتار سے تیز ایک بیلسٹک میزائل ٹائپ فلسطین ٹو کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی دشمن کے فوجی ہدف کو نشانہ بنایا"۔اس نے مزید کہا کہ کارروائی میں کامیابی سے اپنے مقاصد حاصل کر لئےگئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے میزائل کو فضاء ہی میں روک دیا جبکہ ایک ڈرون خالی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، اس سے قبل جنوبی غزہ کے قریب اسرائیل کے جنوب میں سائرن بجائے جاتے رہے۔
حوثیوں کی فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ یمنی افواج کی ڈرون فورس نے دو عسکری آپریشنز میں اسرائیلی تجارتی مرکز کو تل ابیب اور جنوبی شہر عسقلان کو نشانہ بنایا۔
حوثیوں نے بتایا کہ انہوں نے تل ابیب کی جانب ایک میزائل بھی داغا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق انہوں نے میزائل کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی گرادیا تھا۔