اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی کی ایک خاتون رہنما اور نامعلوم ہینڈلر کی 26نومبر کو ہونیوالی شرپسندی کے حوالے سے ہوشربا گفتگو منظر عام پر آئی ہے، گفتگو میں واضح ہے کہ 26نومبر کے واقعے کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی سے سازش تیار کی گئی۔
ذرائع کے مطابق منظر عام پر آنے والی گفتگو میں نامعلوم ہینڈلر پی ٹی آئی خاتون رہنما کو اسلام آباد جتھے پہنچانے کی واضح ہدایات دے رہا ہے۔یہ گفتگو بذریعہ وائس نوٹس سیاسی جماعت کے مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کی گئی۔
گفتگو میں نامعلوم ہینڈلر نے عسکری طرز پر نقشوں کی مدد سے خیبرپختونخوا سے آنے والے جتھوں کی نقل و حمل کا پورا منصوبہ واضح کیا، ہینڈلر کی گفتگو سے واضح ہے کہ جتھوں کے روٹس کی نشاندہی نقشوں پر مختلف رنگوں سے کی گئی۔
گفتگو کے آغاز میں نامعلوم ہینڈلر پی ٹی آئی خاتون رہنما کو کہتا ہے کہ میری بہن میں نے تمام چیزوں کو آسان بنا دیا ہے، یاد رکھیں یہ Do and Die کا معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی ہینڈلر پی ٹی آئی رہنما کو نقشوں پر رنگوں سے نشان کے ذریعے آگے بڑھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے واضح طور پر لکھا ہے اور ہائی لائٹر سے ان علاقوں کو نشان زد کیا ہے جہاں سے 22 نومبر کو چلنا ہے۔
نامعلوم ینڈلر نے پھر کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے انہی خطوط پر وزیر اعلی اپنے لوگوں کو بذریعہ موٹروے (M-15) لے جائیں۔
ہینڈلر وضاحت کرتا ہے کہ قیادت سب سے آخر میں جبکہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سب سے آگے ہوگی تاکہ ہرچیز ان اسٹوڈنٹس کو برداشت کرنا پڑے۔