اسلام آباد( طاہر خلیل )وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کیس کے فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے، ملک دشمنوں کا خواب پورا کرنے والوں کو سزائیں دی گئیں‘اب کوئی جرات نہیں کریگا کہ وہ دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہو کر دشمنوں کا خواب پورا کرے‘نو مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں‘ کوئی چیز ماورائے آئین و قانون نہیں ، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنے اعلان کیا ہے کہ ملٹری کورٹ کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے‘اپیلیں انفرادی طور پر بھی دائر کی جائیں گی‘سپریم کورٹ کو چاہئے کہ ملٹری ٹرائل سے متعلق کیس کا جلد فیصلہ کرے‘ہمارامطالبہ ہے کہ 9مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دفاعی اداروں کو کمزور کرنے اور ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے بانی پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءکی مذموم سازش تھی، انہوں نے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔یہ بہت بڑا دن ہے‘60مجرموں کا کیس کیفرکردار کو پہنچا ہے۔