سکھر / کراچی (بیورو رپورٹ / اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ امریکا نہیں کرے گا، امریکا ہمارے ججز پر اثر انداز نہیں ہوسکتا، عمران خان ایک کیس میں ملوث ہے، اگر وہ بےقصور ثابت ہوئے تو رہا ہوجائیں گے۔ وہ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ علاوہ ازیں انہوںنے اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جمہوریت اور پسماندہ لوگوں کی ایک بہادر لیڈر کے طور پر یاد کیا۔ سکھر میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق سے سندھ کے پیسوں کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے کیونکہ گزشتہ دس سال سے سندھ کورقم ریلیز نہیں کی گئی ہے موجودہ حکومت میں رقم ریلیز کی جارہی ہے لیکن اس کیس کی رفتار سست ہے جس کے لیے وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے۔ امید ہے کہ سندھ کو اس کے حصے کی رقم دسمبر کے اختتام تک یا جنوری کے پہلے ہفتے تک مل جائے گی۔ ان شاء اللہ بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم بنیں گے لیکن وہ واضح اکثریت حاصل کرکے وزیراعظم بنیں گے جو ان کو ملک کے عوام دیں گے. ملک میں اب جب بھی الیکشن ہونگے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی واضح اکثریت سے کا میاب ہوگی۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہید بینظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر سراہا اور دہشت گردی و آمریت کیخلاف ان کے غیر متزلزل موقف کی تعریف کی۔