ٹنڈوجام (نامہ نگار) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر اور مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو قبائلی تنازعات اور ڈاکوؤں کے حوالے کر دیا ہے۔ سندھ کو قبائلی جھگڑوں کی جانب دھکیل کر سندھ کی زمینوں، وسائل اور پانی پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ دریائے سندھ سے نکالی جانے والی 6 نہریں سندھ کے وجود پر حملہ ہیں۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ میں آئے روز قبائلی جھگڑوں کی خبریں ریکارڈ ہو رہی ہیں۔ ایک طرف قبائلی تنازعات اور دوسری طرف ڈاکو راج نے مظلوم سندھی عوام کی زندگیوں میں زہر گھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ڈاکوؤں اور ان کے سرپرستوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔