• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی، سفارشات کیلئے ورکنگ گروپس تشکیل

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی کے لیے تشکیل دی گئی وزیر اعظم ٹاسک فورس نے چار خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیدیے ہیں جو اہم شعبوں پراپنی سفارشات پیش کر یں گے۔یہ ورکنگ گروپس ہاؤسنگ کے لیے ترقیاتی فریم ورک، شہری منصوبہ بندی و ضابطہ کاری، ٹیکس کے مسائل، اور مالی وسائل تک رسائی کے موضوعات پر اپنی رپورٹس ٹاسک فورس کو پیش کریں گے۔ وزیر ہا ؤسنگ میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ یہ حکومت ہاؤسنگ مارکیٹ میں سہولت و رسائی کو ممکن بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ وزیر خزانہ سنیٹر اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر پر اعتماد بحال کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کے وسیع تر ہدف کے لیے ناگزیر ہے۔ ورکنگ گروپس سابقہ کام کا جائزہ لینے کے بعد پالیسی اور عمل درآمد میں ہم آہنگی کو یقینی بنائیں گے۔ٹاسک فورس وزیرِاعظم کو ایک ماہ کے اندر عمل درآمدی سفارشات پیش کرے گی۔ یہ سفارشات ہاؤسنگ سیکٹر میں ترقی کو تیز کرنے کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل ہوں گی۔یہ فیصلہ گزشتہ روز ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس میں کیا گیا جو وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ سنیٹر اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سیکٹر کو درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے اور وزیرِاعظم کے جامع اور پائیدار ترقی کے ویژن سے ہم آہنگی کے عزم کی توثیق کی گئی۔ وفاقی وزیر ہا ؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیرِاعظم نے ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، جو اس اہم شعبے کو بحال کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ اس حکمتِ عملی کے ذریعے حکومت اہم پالیسی مراعات نافذ کرنے، ترقی کو فروغ دینے، اور ہاؤسنگ مارکیٹ میں سہولت و رسائی کو ممکن بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ہاؤسنگ سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ معاشی ترقی اور سماجی مساوات کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید