• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول نافرمانی کی مذمت کرتے ہیں، حکومتی پالیسیوں سے پاکستان ترقی پر گامزن ہے، مقررین

دی ہیگ( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن ہالینڈ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز سید فدا حسین بخاری نے تلاوت قران پاک سے کیا۔ خادم مجتبی بٹ نے بارگا ہ رسالتﷺ میں نعتیہ خراج عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض مسلم لیگ ن ہالینڈ کے جنرل سیکرٹری فیصل منظور نے ادا کیے سینئر صحافی سیکرٹری جنرل کشمیر پیس فورم ہالینڈ راجہ فاروق حیدر نے قائد ا عظم محمد علی جنا ح کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج قوم کو قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔انھوں نےسول نافرمانی کی مذمت کی اور کہا پاک فوج ہماری سر حدوں کی محافظ ہے۔ پاک فوج پر تنقید اور بدنام کرنے والے اپنے رویئے بدلیں۔ اس موقع پر پاک افواج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ مسلم لیگی رہنما ملک شرجیل اعوان نے کہا موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں، انھوں پی آئی اے کی بحالی اور اوورسیز کیلئے دیگر مراعات کا ذکر کیا اورکہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کچھ لوگ دیار غیر میں اپنے ملکی اداروں کو بد نام کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ہالینڈ کے روح رواں عبدالباسط خاں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان انشاءاللہ جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آ جائے گا۔ چیئر مین مسلم لیگ ن ہالینڈ پیر طاہر شاہ اقرار اور جاوید پیارا بٹ نے تقریب کی صدارت کی۔ پیر طاہر شاہ اقرار نے ہالینڈ بوکسٹل روٹر ڈیم سے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور انھیں گلدستے پیش کئے۔تقریب میں کیک بھی کا ٹا گیا، ہال پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ تقریب میں چوہدری محمد اقبال قاضیاں، چوہدری قمر حسین، چوہدری مظہر اقبال، چوہدری محمد سعید، چوہدری مذمل ودیگر شخصیات نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید