مانچسٹر (نمائندگان جنگ) شہید جمہوریت دختر مشرق پاکستان کی دو بار سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی پاکستان سنٹر مانچسٹر میں پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے زیراہتمام منائی گئی۔ تقریب سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن کی میزبانی، محسن باری صدر پی پی برطانیہ کی زیر صدارت، جنرل سیکرٹری اظہر اقبال بڑالوی کی نظامت میں منعقد ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور دیگر جمہوری قوتوں نے مل کر میثاق جمہوریت کیا تھا جس کے ثمرات میں آج ملک میں جمہوریت قائم ہے، اب پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کو مل کر میثاق پاکستان کرنا ہو گا۔ بیرونی قوتیں وطن عزیز پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہی ہیں ان کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بڑی سیاسی جماعتوں کو سیاسی و نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف پاکستان کے استحکام کے لیے سر جوڑ کر باہمی اتحاد و وسیع تر اتفاق کی ضرورت ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں علماء مشائخ، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، مسلم کانفرنس، پاکستان و آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی۔ تقریب میں مرکزی صدر شعبہ خواتین انجم جرال، صدر پی پی مڈلینڈ چوہدری شاہ نواز، جوائنٹ سیکرٹری وقار اسلم کیانی، سینئر نائب صدر پی پی مڈلینڈ اختر محمود مرزا، میاں سلیم، راجہ افتخار، آصف خان، مشتاق لاشاری، سرور رانجھا، مقدسہ، کونسلر شگفتہ نورین، آفتاب باغی، سیکرٹری انفارمیشن زاہد مغل، چوہدری ظفر، فواد زاہدی، ساجد قریشی، آصف نسیم راٹھور، اے ڈی خان، بلال درانی، راجہ منصور، ن لیگ کے راجہ سجاد، PTi کے رانا ستار، علامہ شاہجہان مدنی، مذمل شاہ جماعتی، قاری جاوید اقبال، علامہ عظیم جی، علماء ونگ کےقاری سید شہزاد شاہ، سابق صدر پی وائی او طارق چوہدری اور کثیر تعداد میں رہنماؤں کارکنوں، جیالوں نے شرکت کی۔ تقریب میں شدید سردی و بارش اور دھند کے باوجود برطانیہ بھر سے تمام شہروں کی نمائندگی تھی۔ آخر میں ان کی بخشش اور پی پی کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔