• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کو محصولات کی وصولی میں نمایاں کمی کا سامنا

اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو محصولات کی وصولی میں نمایاں کمی کا سامنا ہے۔با خبر ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے 27 دسمبر 2024 تک 5.08 ٹریلین روپے جمع کیے ہیں، جبکہ 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے 6.009 ٹریلین روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا- دوسری جانب، حکومت کو توقع ہے کہ 31 دسمبر 2024 تک بینکوں سے 65 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ یہ آمدنی انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 کے نفاذ کے بعد ممکن ہوگی، جس میں بینکوں پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کے فیصلے کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدامات حکومت کے لیے مالی ضروریات کو پورا کرنے اور محصولات میں کمی کو قابو پانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ تاہم، ایف بی آر کی جانب سے محصولات کے ہدف کو پورا کرنا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔بینکوں پر ٹیکس کی شرح بڑھا کر 44 فیصد کرنے اور 15 فیصد اضافی ٹیکس ختم کرنے کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی تھی۔ انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 کے تحت حکومت نے بینکوں کی جانب سے حکومت کو قرض دینے سے حاصل ہونے والے منافع پر 15 فیصد اضافی ٹیکس ختم کرتے ہوئے عام انکم ٹیکس کی شرح 39 فیصد سے بڑھا کر 44 فیصد کر چکی ہے۔ یہ فیصلہ بینکوں کے مالی سال کے اختتام سے چند دن قبل کیا گیا ہے، جس سے حکومت کو 31 دسمبر تک 65 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔مالیتی حلقوں کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) اور وفاقی حکومت کے درمیان معاہدے کو رسمی شکل دی گئی۔ آرڈیننس صدر آصف علی زرداری کی منظوری کا منتظر ہے، جو پچھلے معاملات کو قانونی تحفظ فراہم کرے گا اور بینکوں کے لیے ٹیکس کا نیا ڈھانچہ متعارف کروائے گا۔ نئے نظام کے تحت، 44 فیصد ٹیکس کی شرح رواں مالی سال کے لیے لاگو ہوگی، جو 2026 میں 43 فیصد اور 2027 سے 42 فیصد ہو جائے گی۔ اس سے قبل بینکوں کو حکومت کو مقررہ حد سے زیادہ قرض دینے پر اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا۔ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے مذاکرات کی قیادت کرتے ہوئے بینکنگ سیکٹر کے ساتھ معاہدہ طے کیا۔ حکومت نے جون میں بغیر نقصان پورا کیے 15 فیصد ٹیکس ختم کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن عوامی تنقید کے بعد یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا۔ اس کے بعد بینکوں نے نجی شعبے کو قرض دینے میں اضافہ کیا تاکہ اضافی ٹیکس سے بچ سکیں۔مسئلے کو حل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی، جس کی سربراہی اسحاق ڈار نے کی۔ معاہدے کے تحت 15 فیصد اضافی ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ عام انکم ٹیکس کی شرح 44 فیصد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بینکوں کو اس نئے نظام سے فائدہ ہوگا، کیونکہ پچھلے قوانین کے تحت مکمل وصولی کی شرح 45 فیصد سے بھی زیادہ ہو سکتی تھی۔آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس کی پہلی اور ساتویں شیڈول میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس سے ایڈوانس-ٹو-ڈپازٹ تناسب (ADR) کے حساب کے اصولوں کی وضاحت کی گئی ہے۔ 2022 میں اضافی ٹیکس متعارف کروانے کا مقصد صنعتوں کو قرضے فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، لیکن اس کے نتیجے میں بینکوں نے اضافی ٹیکس سے بچنے کے لیے اپنے قرضوں کے پورٹ فولیوز کو ایڈجسٹ کیا۔وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے آرڈیننس کو ایک معقول معاہدہ قرار دیا، جس کا مقصد سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور نجی شعبے کو قرضے فراہم کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت نجی قرضے کی مارکیٹوں میں براہ راست مداخلت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کو محصولات کی وصولی میں نمایاں کمی کا سامنا ہے، کیونکہ 27 دسمبر تک 5.08 ٹریلین روپے جمع کیے گئے، جبکہ 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے 6.009 ٹریلین روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید