مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پاکستان کے معروف آستانہ زندہ پیر کے سجادہ نشین حبیب اللہ شاہ نے کہا ہے کہ برطانیہ ،یورپ اور مغربی ملکوں میں رہنے والے مسلمانوں باالخصوص پاکستانیوں کو اپنی نوجوان نسل کو اللہ اس کے رسولﷺ اور اولیاء کرامؒ کے ساتھ مربوط کرنے کیلئے جدید علوم کے ساتھ روحانیت اور عشق رسول کی تربیت دینی چاہئے۔وہ سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر اور لیبر پارٹی مانچسٹر کے وائس چیئرمین چوہدری سرفراز احمد کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں خطاب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں جنگ و جدل فتنہ اور انتشار پھیل رہا ہے، اس کیلئے نوجوان نسل کو اولیاء کرام کی تعلیمات قرآن و سنت سے آگاہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مغرب سے بھیک مانگنے کی بجائے تمام اسلامی ملکوں کو یکجا ہو کر فیصلہ کرنا چاہئے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسلامی ملکوں پر جنگ مسلط کرنے کی اسرائیلی ہوس کو نہ روکا گیا تو پورا عالم اسلام نبر آزماں ہونے کیلئے صف بستہ ہے، انہوں نے کہا کہ جس دن مسلمان امہ متحد ہو گئی نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت اور دنیا میں امن اور انسانی فلاح ہو گی اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ زندہ پیر استانہ گھمگھول شریف برطانیہ یورپ میں نوجوان نسل کی روحانی تربیت کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری جنرل قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر مانچسٹر کے چیئرمین صاحبزادہ احمد وقار بیگ نے کہا کہ اولیاء کرام، کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے راحت امن اور محبت کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے سجادہ نشین حبیب اللہ شاہ کو قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر میں خصوصی خطاب کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر خطیب برطانیہ علامہ شاہجہان مدنی نے کہا کہ زندہ پیر کا فیض پاک و ہند کے علاوہ امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں پھیل رہا ہے اور نوجوان نسل اولیاء کرام کی محبت کی طرف راغب ہو رہی ہے۔ اس موقع پر اس موقع پر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی یو کے، کے صدر استاد صفدر نے حبیب اللہ شاہ کو دورہ برطانیہ پر خوش امدید کہا۔ تقریب میں کونسلر شہباز سرور نے کہا کہ برطانیہ میں نوجوان نسل کو جدید علوم اور مقامی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے دینی امور پر بھی دسترس ہونی چاہئے ۔لیبر پارٹی مانچسٹر کے وائس چیئرمین چوہدری سرفراز نے کہا کہ برطانیہ میں نوجوان نسل کو اولیاء کرامؒ کے ساتھ محبت کی تعلیمات اور تربیت ملنے سے برطانیہ میں ان کو بڑا مقام مل سکتا ہے۔ تقریب میں ساہیوال مانچسٹر کے چیئرمین چوہدری نصیر احمد ساہیوالی، چوہدری فاروق چیمہ،احمد شکیل احمد ،محمد عمر ،جلال الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں زندہ پیر کے سجادہ نشین پیر بادشاہ مرحوم کی مغفرت کیلئے اور امت مسلمہ، فلسطین، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کیلئے دعا کی گئی۔