• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ موسمیات نے نیو ایئر ڈے پر طوفانی حالات پورے برطانیہ میں پھیل جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے

لندن (پی اے ) محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں نئے سال پر برفباری، تیز ہوائیں چلنے اور بارش کی پیشگوئی کی ہے اور ملک کے تمام حصوں کے بارے میں موسم کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور نارتھ آئرلینڈ میں نیو ایئر کی شام کے دوران سفر میں رکاوٹ پڑ سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے نیو ایئر ڈے پرطوفانی حالات پورے برطانیہ میں پھیل جانے کا خدشہ ظاہرکیاہے۔ اسکاٹ لینڈ کے بیشتر حصوں میں پہلے ہی بارش اور برفباری کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، اور برطانیہ کے دیگر حصوں میں پیر سے جمعرات کے درمیان حالات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث ایڈنبرا میں اتوار کی pre-Hogmanay ٹارچ لائٹ جلوس منسوخ کر دیاگیا تھا، اس کے علاوہ مزید تقریبات میں بھی خلل پڑنے کا امکان بھی ہے۔ پیر کو اسکاٹ لینڈ میں موسلا دھار بارش اور پہاڑیوں پربرفباری کے بعد، دو کم دباؤ والے علاقوں کی وجہ سے نیو ایئر کی شام اور نیو ایئر ڈے کے دوران پورے برطانیہ میں حالات غیر مستحکم رہیں گے۔ شمال سے سرد ہوائیں آئیں گی جس سے درجہ حرارت بہت سے علاقوں میں منفی درجے تک گر جائے گا۔ نیو ایئر کی شام کو مغربی اسکاٹ لینڈ کے کچھ حصوں میں 100-140ملی میٹر (3.9-5.5 انچ) تک بارش ہوسکتی ہے جس سے مقامی سطح پرسیلاب آسکتا ہے۔ ملک کے شمالی حصوں میں مزید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔ انگلینڈ، نارتھ آئرلینڈ اور ویلز میں بھی بارش کے اسپیل ہوں گے۔ ویلز میں بارش خاص طور پر شدید ہونے کا امکان ہے۔ اگرچہ ہر جگہ تیز ہوائیں چلیں گی، لیکن جنوبی انگلینڈ میں نیو ایئر کا استقبال کرتے ہوئے ہوائیں بہت تیز ہوسکتی ہیں۔ برطانیہ میں موجود موسم کی وارننگز میں کہا گیا ہے کہ شمالی ا سکاٹ لینڈ میں پیر کی 00:00جی ایم ٹی سے منگل کی آدھی رات تک بارش اور برفباری کیلئے زرد وارننگ۔ آرکنی آئی لینڈز کیلئے 05:00جی ایم ٹی سے منگل کی آدھی رات تک برفباری کیلئے الگ وارننگ۔ منگل کو شمالی انگلینڈ کے کچھ حصوں کیلئے 07:00جی ایم ٹی سے 23:00 جی ایم ٹی تک ہوا کیلئے زرد وارننگ جاری کی گئی ہے ۔تیز ہواؤں سے متعلق ایک الگ وارننگ شمالی آئرلینڈ کیلئے 06:00سے لے کر 19:00تک جاری کی گئی ہے بدھ کو، برفباری کیلئے زرد وارننگز شروع ہوں گی، جو شمالی آئرلینڈ تک رات 12 بجے تک اور شمالی انگلینڈ کے کچھ حصوں تک جمعرات کو 03:00تک جاری رہیں گی۔ بدھ کو ہی، انگلینڈ کے بیشتر حصوں کیلئے ہوا کیلئے زرد وارننگ جاری کی جائے گی، جو 09:00سے لے کر جمعرات کو 06:00تک کیلئے ہوگی۔ ویلز کے کچھ حصوں کے لیے بارش کی زرد وارننگ 09:00سے لے کر 21:00تک جاری ہے۔ نئے سال کے دن مزید وسیع پیمانے پر خلل واقع ہونا متوقع ہے کیونکہ ایک اور کم دباؤ والا علاقہ برطانیہ کے اوپر سے گزرے گا۔ سب سے زیادہ تیز ہوائیں انگلینڈ اور ویلز میں ہوں گی، جنوب اور مغرب کے ساحلوں اور پہاڑوں پر ہوا کے جھونکے 70میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔ پورے برطانیہ میں تقریباً 30 ملی میٹر تک تیز بارش متوقع ہے۔ بدھ کو ویلز میں بارش زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے کچھ سیلابی کیفیت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ میں برفباری کا امکان ہے جس سے آمدورفت میں خلل پڑ سکتا ہے۔ موسمی ماہرین نے کہا ہے کہ کچھ علاقوں میں 10سینٹی میٹر تک برفباری متوقع ہے، اور پہاڑوں پر شدیدبرفباری اور ہوا کے ساتھ برف باری ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وارننگز کے پیٹرن میں تبدیلی اور کچھ علاقوں میں شدت آ سکتی ہے۔ بدھ کی رات خلل کے جاری رہنے کی توقع ہے۔ جمعرات 2 جنوری کی صبح تک، آرتک ہوا برطانیہ کی طرف آ سکتی ہے کیونکہ کم دباؤ والا علاقہ یورپ میں منتقل ہو رہا ہے۔ جمعرات سے اگلے ہفتے تک ہر جگہ سردی بڑھ جائے گی اور وسیع پیمانے پردھندکی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ تر مقامات دن کے وقت خشک رہیں گے اور دھوپ نکلے گی ، لیکن شمالی علاقوں میں سردی کے طوفان آئیں گے جس سے برفباری کے حالات پیدا ہوں گے۔ اسکاٹش ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) نے شمال مغرب اور وسطی ہائی لینڈز کے رہائشیوں سے متوقع سیلاب کے پیش نظر تیار اور خبردار رہنےکی اپیل کی ہے ۔ ایڈنبرا میں اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے ہاگ مینائے کے جشن میں شرکت کرنے والوں کو موسم کے اعتبار سے کپڑے پہننے اور سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹس چیک کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔ جو لوگ نیو ایئر کے دوران سفر کر رہے ہیں یا ان کا سفر پر نکلنے کا منصوبہ ہے ، ان سے تازہ ترین پیش گوئیوں کو چیک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ نیٹ ورک ریل نے کہا کہ کچھ لائنوں پر ٹرینوں کو موسم کی مشکلات کی وجہ سے سست کرنا پڑے گا۔ یہ زرد موسم کی وارننگیں اتوار کو برطانیہ کے بڑے ہوائی اڈوں پر گہری دھند کی وجہ سے سیکڑوں پروازوں میں خلل پڑنے کے بعد جاری کی گئی ہیں۔ گیٹوک ایئرپورٹ نے پیر کو تاخیر کی اطلاع دی، اور مانچسٹر، گلاسگو اور کارڈف کی پروازوں پر بھی جمعہ اور ہفتہ کو نظر کی کمی کی وجہ سے اثرات مرتب ہوئے۔

یورپ سے سے مزید