لوٹن (شہزاد علی) یوکے اسلامک مشن لوٹن جامع مسجد اوک روڈ کے سبکدوش ہونے والے خطیب علامہ محمد اقبال اعوان نے کہا ہے کہ اسلام ہی سچا اور غالب آنے والا دین ہے۔ تمام مسلمانوں کو دین کی ترویج و اشاعت کے کوششیں کرنا ہوں گی ۔ وہ گزشتہ روزاپنے اعزاز میں منعقد الوداعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمان آپس میں متحد رہیں انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسجد کے خطیب کی ذمہ داریوں سے تو سبکدوش ہو رہے ہیں تاہم دینی اور ملی ذمہ داریوں کو جاری رکھیں گے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وصلعم کی سیرت طیبہ پر کتابیں لکھنے کا کام جاری رکھیں گے ۔ علامہ محمد اقبال اعوان کے صاحبزادے حسنین اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والد محترم نے ہمیشہ وقت کی پابندی کا درس دیا اور دنیاوی معاملات میں صبر و شکر سے کام لینے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، برادر ریاض ولی، چوہدری محمد شریف، اقدس مغل، شوکت بٹ، چوہدری زاہد اقبال، مولانا محمد زبیر، قاری نذیر محمد سابق مئیر ریاض بٹ، سابق میئر چوہدری مسعود اختر، حاجی چوہدری محمد قربان، محمد داود،آصف لطیف امام محمد فاروق حسین، چوہدری امتیاز، بابر اعوان نے علامہ اقبال اعوان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ نظامت کے فرائض ندیم تابانی نے سرانجام دیئے آغاز حافظ محمد فاروق کی تلاوت سے کیا گیا. خیال رہے کہ علامہ محمد اقبال اعوان یوکے اسلامک مشن مدینہ مسجد لوٹن میں عرصہ تیس سال تک بطور امام و خطیب کے منصب پر فائز رہے۔ وہ یوکے اسلامک مشن کے ممتاز رہنما بھی ہیں اور ان کی راہنمائی و سرپرستی اس مرکز سے منسک رہے گی،آبائی تعلق اٹک سے ہے لیکن تعلیم سکونت کراچی میں گزری ،جماعت اسلامی کے سینئرلوگوں کے ساتھ کام کرتے رہے ، یہاں برطانیہ آمد کے ساتھ ہی یوکے اسلامک مشن سے وابستہ ہوگئے ،مدینہ مسجد لوٹن کے صدر کی ذمہ درازی کے ساتھ درس و تدریس کا شعبہ بھی انھی کی سرپرستی میں رہا۔