اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )محکمہ موسمیات نے جنوری کے پہلے ہفتہ کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے ،اس دوران تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور خصوصاً پہاڑی علاقوں میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں یکم جنوری (آج شام رات) سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گی جو 6 جنوری تک بالائی علاقوں پر موجودرہیں گی۔ جس کے باعث آج سے چھ جنوری کے دوران مری اور گلیات گلگت بلتستان ، کشمیر چترال، دیر، سوات، شانگله، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ مہمند، غیر شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر ، اور کزئی، کرم، وزیرستان، پشاور ، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان۔ بدھ کی صبح سے چھ جنوری کے دوران راولپنڈی ، اسلام آباد، پو ٹھو ہار ریجن سمیت دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے دوسے 6 جنوری کے دوران شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے، کشمیرکے پہاڑی علاقوں، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ / برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ بارش اور برفباری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی۔