اسلام آباد ٹیکسلا (خصوصی نامہ نگار،نمائندہ جنگ) لارنس پور سے ریت سے لداہوا آنے والا ڈمپرجی ٹی روڈ پر ماڈل ٹاون واہ کینٹ کے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا جس کی زد میں آکر دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ صدر واہ نے ڈمپر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ دونوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹیکسلا پہنچادیا گیا۔ لارنس پور سے ریت سے بھرا ڈمپر نمبرTKR399جب جی ٹی روڈ پر ماڈل ٹاون کے قریب پہنچا تو موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور ڈمپر کا توازن برقرار نہ رکھ سکا جس سے ڈمپر الٹ گیا جس کی زد میں آکر دو موٹر سائیکل سوار تنویر اور ساجد موقع پر جاں بحق ہوگئے،تنویر کا کا تعلق ڈھوک موچیاں جبکہ ساجد کا تعلق واہ کینٹ سے تھا اور دونوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے دو مسیح تھے۔ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ تھانہ صدر واہ نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیورنگ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ دونوں جاں بحق ہونے والے مسیحی لڑکوں کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعشیں ورثاءکے سپردکردی گئیں۔جبکہ ٹیکسلا پولیس نے ریسکیو 1122 کی دو افراد کی موت کی تصدیق سے انکار کر دیا ، جنگ کے رابطے پر محرر نے کہا کہ پوٹھوہار ڈویژن میں کوئی ٹریفک حادثہ ہوا ہی نہیں۔