• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹیسٹ آج شروع، پاکستان جنوبی افریقا سے حساب چکتا کرنے میدان میں اترے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعے سے نیو لینڈز کیپ ٹائون میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کیلئے میچ جیتنا ضروری ہے۔ پہلے میچ کی شکست کے بعد پاکستان حساب چکتا کرنے میدان میں اتریگا۔ میزبان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ دو وکٹ سے جیتا تھا۔ پاکستانی ٹیم میں لیفٹ آرم فاسٹ بولر میرحمزہ کو عامر جمال کی جگہ شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ جنوبی افریقا نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ اوپنر ٹونی ڈی زورزی، کوربن بوش، ڈین پیٹرسن کی جگہ کیشو مہاراج، ویان ملڈر اور کوینا ماپھاکا کو شامل کیا گیا ہے۔شان مسعود نے کہا کہ جنوبی افریقا نے اسپنر کو شامل کیا ہے لیکن میرے خیال میں پچ پر اب بھی پیس بولروں کا کردار اہم ہوگا۔ نیو لینڈز جنوبی افریقا کا واحد سینٹر ہے جہاں اسپنر بھی وکٹیں حاصل کرتے ہیں ۔ اس گرائونڈ پر آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں کھیلا گیا جہاں بھارت نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔ کیپ ٹاؤن میں اب تک 60 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں ، جنوبی افریقا 27 میں کامیاب رہا اور 22 ٹیسٹ ہارے جبکہ 11 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ پاکستان نے یہاں 4 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور تمام ہارے ہیں۔ زورزی ،ران میں کھچاو کی وجہ سے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ بوش اور ڈین پیٹرسن نے پاکستان کے خلاف کامیابی اہم کردار ادا کیا تھا۔ 19سالہ ماپھاکا کو ٹیسٹ کیپ مل گئی تو وہ18سال270دن میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کم عمر جنوبی افریقی کھلاڑی ہوں گے۔ میچ کیلئے میزبان ٹیم میں کپتان ٹمبا باووما، ایڈن مرکرام، ریان رکیلٹن، ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبسم ڈیوڈ بیڈنگھم، کیل ویرینے، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا ماپھاکا شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید