اسلام آباد (نمائندہ جنگ) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کیلئے ایکشن پلان کی منظوری دیدی ہے جبکہ قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’اُڑان پاکستان‘ پر بریفنگ کے ساتھ ساتھ اہم اور بڑے فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات کیلئے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی نےپاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز SEZs کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دیدی ہے۔ کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک، جو کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی نے یہ منظوری گزشتہ روز اپنے 11ویں اجلاس میں دی جووزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’ اڑان پاکستان (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے اسٹرٹیجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمیٹی نے ملک کی بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔