ٹورنٹو(عظیم ایم میاں) کینیڈین پولیس کی قومی کرکٹ ٹیم 17جنوری سے 31جنوری تک 15 روزہ دورے پر پاکستان جائے گی۔ سندھ، پنجاب، اسلام آباد پولیس اور سندھ رینجرز کی ٹیموں کیساتھ 8میچز ہوں گے، کینیڈین پولیس کی ٹیم میں پاکستانی ، بھارتی اور سری لنکن نژاد کینیڈین شہری شامل ہیں۔ ٹیم کی اکثریت کینیڈین افسران پر مشتمل ہے، جو پاکستانی، بھارتی، اور سری لنکن نژاد ہیں۔ یہ ٹیم سندھ اور پنجاب کی صوبائی پولیس ٹیموں کے خلاف کراچی اور لاہور میں دوستانہ میچ کھیلے گی۔ یہ اعلان کینیڈین پولیس کرکٹ کلب کے صدر منصور احمد، جو ٹورنٹو پولیس کے پاکستانی نژاد افسر ہیں، اور چیف ایگزیکٹیو عامر شمسی نے پاکستان کے قونصل جنرل خلیل باجوہ کی موجودگی میں کیا۔ قونصل جنرل خلیل باجوہ نے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عامر شمسی، جو 2020میں قائم ہونے والے کینیڈین پولیس کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹیو ہیں، نے روزنامہ جنگ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ یہ ٹیم کینیڈا کے مختلف شہروں کے پولیس افسران پر مشتمل ہے، جن میں اکثریت ایشیائی نژاد افسران کی ہے۔ ان میں پاکستانی، بھارتی، اور سری لنکن نژاد افسران شامل ہیں۔عامر شمسی نے کہا کہ یہ خیر سگالی دورہ ان کے بھارتی، سری لنکن اور دیگر ساتھیوں کے لیے پاکستان کو جاننے اور سمجھنے کا ایک نادر موقع فراہم کرے گا۔کینیڈین پولیس کرکٹ ٹیم کراچی میں چار میچ کھیلے گی، جن میں سندھ پولیس، کراچی جمخانہ، اور سندھ رینجرز کے خلاف میچ شامل ہیں۔ لاہور میں، ٹیم دو میچ پنجاب پولیس کے خلاف اور ایک میچ لاہور جمخانہ کے خلاف کھیلے گی۔