کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں فالو آن کی شرمندگی کا شکار ہونے کے بعد پاکستانی بیٹرز جاگ گئے۔ کپتان شان مسعود نے سابق کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں 205 رنز بنائے،وہ بروقت سنچری بناکر طوفان میں پھنسی ٹیم کو بحران سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ فالو آن کے بعد شان اور بابر نے زبردست فائٹ بیک کیا ، پاکستان کو میچ بچانے کیلئے مزید دو دن اچھی بیٹنگ کرنا ہوگی ۔کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر213رنز بنائے تھے۔ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے اب بھی 208رنز کی ضرورت ہے۔ شان مسعود جن کو ان کی خراب فارم کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا ، وہ 14 چوکوں کی مدد سے چھٹی ٹیسٹ سنچری بناکر102 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد8رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اتوار کو کھیل ختم ہونے سے قبل بابر اعظم 81رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ بابر نے124گیندوں کا سامنا کیا اور دس چوکے مارے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑی اوپننگ 137 رنز کی شراکت کا ریکارڈ توفیق عمر اور عمران فرحت کے درمیان2003 میں فیصل آباد میں بنا تھا ۔ نیو لینڈز میں فالو آن کے بعد اوپنرز شان مسعود اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔ بابر اعظم نے ایک دن میں دوسری بار پچاس کا ہدف عبور کیا۔ یہ ان کی مسلسل تیسری ٹیسٹ نصف سنچری ہے۔ قبل ازیں اتوار کو تیسرے دن لنچ کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف194رنز بناکر آوٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی ۔ بیٹرز نے54.2اوورز مزاحمت کی۔ بابر نے اننگز کی واحد نصف سنچری بنائی ۔ پاکستان نے421رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی۔ پہلی اننگز میں بابر اعظم لیگ اسٹمپ کے بارہر جاتی ہوئی گیند کو چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش میں کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے۔ محمد رضوان غیر ذمے داری سے
اسٹروک کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے۔ سلمان علی آغا، مہاراج کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ جنوبی افریقہ نے ریان رکلٹن 259، ٹمبا باؤما 106، کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر اور کامران غلام 12 رنز بناکر کھیل کے دوسرے روز ہی آؤٹ ہوگئے تھے۔ بابراعظم 58 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان اور بابراعظم نے 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ محمد رضوان بھی کریز پر سیٹ ہوکر 46 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے ایک چھکا اور دو چوکے مارے، سلمان علی آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14، میر حمزہ 13 ، محمد عباس صفر پر آوٹ ہوئے۔ ربادا نے15اوورز میں55رنز دے کر تین، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے18سالہ فاسٹ بولر ماپھاکا ، اسپنر مہاراج، مارکو یانسن اورمولڈر نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔