• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر و فلسطین پر آواز بلند نہ کرنے والے ظالم کے ساتھ ہیں، کانفرنس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی شہدائے فلسطین والقدس کانفرنس کا انعقاد پریس کلب میں کیا گیا جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماوں نے شرکت کی، کانفرنس سے خطاب میں رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا وجود امریکا ہبرطانیہ کی سرپرستی پر قائم ہے،کشمیر اور فلسطین پر آواز بلند نہ کرنے والے ظالم کے ساتھ ہیں، ہم شہدائے مزاحمت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،اقوام متحدہ سے امید لگائے بیٹھے ہیں جبکہ اقوام متحدہ آج مکمل ناکام نظر آرہی ہے،غزہ آج غذائی قلت کا شکار ہے ہمیں چاہئے آگے بڑھ کر ان کی مدد کریں،جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدایٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ طوفان الاقصی ٰکے آپریشن کو 456دن گزر چکے ہیں مگر اسلامی مزاحمت میں کہیں لچک نہیں آئی،آج دنیا کے چہرے سے نقاب اتر چکا ہے اور سب کے سامنے واضح ہے کون ظالم کے کیمپ میں ہے اور کون مظلومین کے ساتھ ہے، یمنی حوثی امت مسلمہ کا فخر اور مزاحمت کی اہم جڑ بن چکے ہیں، جمیعت علماء اسلام کے رہنما قاری عثمان کاکہنا تھا کہ فلسطین جل رہا ہے مگر افسوس مسلم ممالک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ غزہ و کشمیر ظلم و ستم کے نشانہ پر ہے،اسرائیل آج مایوسی کا شکار ہے،دو ریاستی حل دفن ہوچکاہے ، فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہناتھا کہ فلسطینی مزاحمت کمزور نہیں ہوئی،امت مسلمہ کی وحدت و یکجہتی فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کی چابی ہے،دو ریاستی حل کی بات کرنے والے نظریہ پاکستان سے غداری کے مرتکب ہیں،جمیعت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومتی سطح پر فلسطین کا دن منانا اور اسمبلیوں میں اس کی آواز اٹھانی چاہئے،کانفرنس سے کشمیری رہنماء بشیر سدوزئی، رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید