اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ہندو مذہب کے قدیمی شادانی دربار حیات پتافی (سندھ) کی یاترا اور شو اوتاری ست گورو سوامی شادارام کے یوم پیدائش کی تقریبات کے لئے سائیں یوڈھشٹر لال کی سربراہی میں بھارت سے 84ہندو یاتری اتوار کے روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین بورڈ سید عطاء الرحمٰن کی طرف سے ہندو یاتریوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرانتظام فول پروف سکیورٹی، میڈیکل سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔