راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے تین لڑکیوں سمیت 4افراد کو اغواء کر لیا گیا۔ تھانہ گنج منڈی کو سربلند نے بتایا کہ میرا چچا زاد بھائی تاج محمد نماز پڑھنے جا رہا تھا۔ اسے ایک کالے ڈالے میں موجود تین بندوں نے جو کالی وردی میں تھے گاڑی میں بٹھا لیا۔ باچہ الرحمان نے پوچھا کہ اس کو کہاں لے جا رہے ہو تو انہوں نے کہا کہ آپ نماز پڑھنے جاؤ یہ شام تک آ جائیگا۔ تھانہ کینٹ کو حسن طارق نے بتایا کہ میری ہمشیرہ (م) عمر 24سال ہری پور سے صدر راولپنڈی آئی ہوئی تھی۔ 2جنوری کو گھر آیا تو ہمشیرہ کو نہ پایا۔ اس کا موبائل نمبر بھی بند جا رہا ہے۔ تھانہ مورگاہ کو نذیر مسیح نے بتایا کہ خالد الیاس میری بیٹی (م) عمر20 سال کو اپنے ساتھ لیہ سے لایا اور فاروق بٹ سکنہ نیو لالہ زار راولپنڈی کے گھر کام کاج کیلئے چھوڑ دیا۔ یکم نومبر کو مجھے ایزی پیسہ کے ذریعہ بچی کی تنخواہ 25ہزار بھجوا دیئے‘ 11 نومبر کو فاروق بٹ نے فون پر بتایا کہ آپ کی بیٹی بغیر بتائے کہیں چلی گئی ہے۔ میں نے لیہ میں خالد سے رابطہ کیا تو اس نے کہا مجھے کوئی علم نہیں۔ میری بیٹی کو کسی نامعلوم شخص نے ورغلاء کر اغواء کر لیا ہے۔ تھانہ دھمیال کو زریاب نے بتایا کہ میری چھوٹی بہن (و) عمر ساڑھے 16سال گھر سے تقریباً 4تولہ سونا‘ ڈیڑھ لاکھ روپے کیش لیکر نکل گئی۔ ہمیں پتہ چلا ہے کہ اسے کبیر ولد بشیر سکنہ مغل کالونی ڈھوک لولیاں نے ورغلاء پھسلا کر اغواء کر لیاہے۔