اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کرنسی پر کوئی دباؤ نہیں‘آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل طورپر کاربندہیں ۔ یہ بات انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ میں بتائی ۔
اجلاس کے دوران محمد اورنگزیب اور پی ٹی آئی کے سینیٹرشبلی فراز میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، وزیر خزانہ نے کہاکہ 2021ء میں کابینہ کے فیصلوںسے ملک کی ساکھ خراب ہوئی ‘ہماری کوششوں سے حالات بہترہورہے ہیں ،جس پر شبلی فراز نے کہا کہ آپ کی شرح 6فیصد تک پہنچنے کی بات کر رہے ہیں، اڑان بھر لی ہے لیکن جہاز ہے نہ کوئی پلان نظر آ رہا ہے، ہم اپنے تین سال کا دفاع کر لیں گے لیکن آپ 40سال کا دفاع نہیں کر پائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا ہم ماضی کا ذکر اس لئے کرتے ہیں کیونکہ آپ وعدوں پر پورا نہیں اترتے ۔
کمیٹی کو بریفنگ میں وزیرخزانہ کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد مستحکم گروتھ آتی ہے‘گروتھ کا ایکسیلیٹر دبانے کے بعد بیلنس آف پیمنٹ کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔