اسلام آباد (ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی جائیدادیں ضبط، نشان عبرت بنایا جائے،انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کیخلاف حالیہ کارروائیاں خوش آئند،،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوالگی کیلئے ان ممالک سے رابطے کئے جائیں،غیر ملکیوں میں نوکریوں کیلئے صرف قانونی راستے اختیار کرنےکیلئے مہم چلائی جائے۔ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت تعزیری کارروائی بھی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کیے جائیں۔