اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان کے درمیان پیر کو ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میڈیا تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزارت اطلاعات و نشریات میں ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین نے مشترکہ تاریخی بیانیے اور ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے کیلئے بہتر شراکت داری پر توجہ مرکوز کی جو باہمی افہام و تفہیم کو تقویت دیتی ہے۔سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ سفارتی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک کی مختلف شعبوں میں تعاون کی مشترکہ تاریخ ہے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور ریڈیو پاکستان سمیت ریاستی میڈیا اداروں کے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب اداروں کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور خبروں کے تبادلے کے شعبوں میں اشتراک کار پر زور دیا۔