• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، گیس پریشر میں کمی کے خلاف اخترآباد میں خواتین کا احتجاج

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بدستور برقرار ہے۔ شہری مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔ منگل کو کوئٹہ کے علاقے اختر آباد اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مرد اور خواتین نے مغربی بائی پاس کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ جس سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں مظاہرئے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر دم توڑتا ہے ، شدید سردی کے باعث بچے اور بوڑھے بیمارہورہے ہیںتمام یقین دہانی اور اعلانات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی گیس پریشر بحال کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جبکہ دوسری جانب ہر ماہ بھاری بھرکم بل بھیجے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال سے تنگ آکر علاقہ مکینوں نے بہ امر مجبوری مغربی بائی پاس کو بند کیا ہے اگر اس کے باوجود گیس پریشر بہتر اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔