اسلام آباد( کامرس رپور ٹر ) وفاقی حکومت نے ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم کر دی ہیں ، پہلے مرحلے میں80اداروں کو کم کر کے 40کر دیاگیا ، وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان اور وزارت سیفران کو ضم کر دیاگیا ا ور وزارت کیڈ کو ختم کر دیا ، مجموعی طور پر 43وزارتوں اور ان کے ماتحت 400اداروں میں رائیٹ سائزنگ 30جون 2025تک مرحلہ وار مکمل کر لی جائے گی ، رائیٹ سائزنگ کے پہلے تین مراحل مکمل کر لیے اور ان پر عملدرآمد جاری ہے اس سے 900ارب روپے کےسالانہ حکومتی اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو گی ،ایس او ایز اصلاحات میں کسی بھی وزارت کو استثنیٰ حاصل نہیں، ہمارے فیصلوں کے اثرات آئندہ مالی سال میں دکھائی دینگے، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، رائیٹ سائزنگ کیلئے قائم اعلی ٰ سطح کمیٹی کےرکن سلمان احمد اورپارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینئر بلال اظہر کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے ، وزیر خزانہ نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کا عمل شفاف طریقہ سے آگے بڑھا رہے ہیں60 فیصد خالی ریگولر پوسٹوں کو ختم یا ڈائنگ پوسٹیں قرار دی گئی ہیں جن کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب بنتی ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ، جنرل نان کور سروسز (مکینک، پلمبر اور مالی) کی پوسٹوں کو آئوٹ سورس کیا جائے گا تاکہ کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے، کنڈیجنسی پوسٹوں کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر حالت میں ہے، کسٹم میں فیس لیس انٹرایکشن کا نظام لاگو ہو چکا ،وزیراعظم آج کراچی میں اس کا افتتاح کرینگے۔