• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی صارفین کیلئے جنوری 2025 میں بجلی کے بلوں میں کمی متوقع

اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان بھر میں بجلی صارفین کیلئے جنوری 2025 میں بجلی کے بلوں میں کمی متوقع ہے جیساکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے سے وصول کیے گئے اضافی چارجز واپس کریں۔ 

منگل کو جاری کیے گئے الگ الگ فیصلوں میں نیپرا نے نومبر 2024 کے لیے ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کے تحت سرکاری طور پر چلنے والی سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کے لئے 0.7556 روپے فی یونٹ اور اکتوبر 2024 کے لیے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے 0.4919روپے فی یونٹ کی واپسی کی منظوری دی۔

 سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی (سی پی پی اے جی) کے مطابق 7.8609 روپے فی یونٹ ریفرنس لاگت کے مقابلے XWDISCOs کی ایڈجسٹمنٹ نومبر میں ایندھن کی اصل قیمت میں 7.2274 روپے فی یونٹ کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 

نیپرا نے اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور 0.7556 روپے فی یونٹ کے یکساں ریفنڈ کی شرح کو حتمی شکل دی، جس میں لاگت سے موثر تھر کول پاور پلانٹس کے کم استعمال کو زیادہ پیداواری اخراجات میں معاون عنصر قرار دیا۔ 

نیپرا نے تھر کول پاور پلانٹس کو جزوی صلاحیت پر چلانے میں ناکامیوں کو نوٹ کیا، جس نے کوئلے کی کان کے آپریشنز سے منسلک فکسڈ چارجز کی وجہ سے فی یونٹ لاگت میں اضافہ کیا۔ 

اتھارٹی نے مشاہدہ کیا کہ ان پلانٹس کے استعمال میں اضافہ مقررہ لاگت کو زیادہ مؤثر طریقے سے تقسیم کرے گا، جس سے فی یونٹ مجموعی اخراجات میں کمی آئے گی۔ کراچی کے لکی کول پاور پلانٹ کو مقامی تھر کے کوئلے کی فراہمی میں تاخیر نے بھی خدشات کو جنم دیا۔

اہم خبریں سے مزید