اسلام آباد (محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار)وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کے لئےختم کی گئی ڈیڑھ لاکھ ا سامیوں کےلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی رقم نہیں رکھی جائے گی،اسامیوں میں تخفیف کرکے استعداد کار بڑھائی جائے گی ، ملازمت سے محروم کرنا مقصود نہیں ٹیکس دینے والوں کی رقوم کی حرمت بھی عزیز ہے،تیس سال تک ناکارہ ثابت ہونے والے کہتے ہیں بس ایک سال مزید دیدیں اپنی افادیت ثابت کر دیں گے،پیپلزپارٹی آئین کی اٹھارویں ترمیم کی رو سے صوبائی خودمختاری کے تحت وفاق سے طے شدہ وزارتیں صوبوں کو منتقل کرنے کا تقاضا کر رہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفاقی حکومت کا حجم محدود کرنے کیلئے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ ایسی اسامیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا جو خالی پڑ ی ہیں ۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان اسامیوں کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کی تعداد کم ہونے سے حکومتی ادارے مستعد ہوتے ہیں اور بسا اوقات انکی کارکردگی میں بہتر رونما ہوتی ہے۔ منگل کی سہ پہر حکومتی فیصلوں کا اعلان کرنے کیلئے آئے تو قومی اسمبلی کے رکن بلال اظہر کیانی، گشتی سفیر سلمان احمد، وزارت خزانہ کے مشروم شہزاد اور حامد رضا وٹو بھی انکے ساتھ تھے۔ سلمان احمد کا کہنا تھا کہ کسی ملازم کو نوکری سے محروم کرنا مقصد نہیں ہے ٹیکس دہندگان سے حاصل شدہ رقوم کے منصفانہ استعمال کی ذمہ داری سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے سربراہ ہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمیٹی اور اسکی سب کمیٹیوں نے کئی کئی گھنٹے اپنے اجلاس منعقد کرکے بے پناہ عرق ریزی سے سفارشات تیار کی ہیں اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں کے ہر درجے کے افسروں سے بھی انکی رائے لی گئی ہے ۔