اسلام آباد (ساجد چوہدری) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے اجلاس میں کامسٹس یونیورسٹی کے حکام نے بتایا کہ چربہ سازی پر زیرو ٹالرینس ہے تاہم ریسرچ کے شعبے میں چیٹ جی پی ٹی کو روکنا چیلنج قرار دیدیا، چیٹ جی پی ٹی کو بطور ٹول استعمال سیکھنا چاہئے۔ فیکلٹی کی چیٹ جی پی ٹی پر تربیت شروع کردی گئی ہے، فیکلٹی کی تربیت ہوگی تو اس ٹول کا مثبت استعمال ہوسکے گا۔ قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سنیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے 5 سینیٹرز کے نام وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف اداروں میں نمائندگی کے لئے دے رکھے ہیں، اس پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہمارے پاس فائلیں آگئی ہیں، آنے والے دنوں میں ان کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔