• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کریں، عطاء تارڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے، پاکستان نے کھیل کے میدان میں اچھی کامیابیاں حاصل کی ہیں، 2025ء خوشخبریوں اور سیاسی استحکام کا سال ہے، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے، ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں، سیاستدان آپس میں بات چیت اور مذاکرات کرتے رہیں گے، بات چیت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں میڈیا کرکٹ لیگ 2025ء کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جنگ میڈیا گروپ سمیت تمام سپانسرز اور کرکٹ لیگ میں شریک تمام ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا کھیلوں اور سپورٹس مین سپرٹ کو فروغ ملے گا، اس سے معاشرے میں مثبت سرگرمیاں جنم لیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگ میڈیا گروپ نے ایسے ایونٹس کے انعقاد میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، کرکٹ لیگ میں ٹی وی چینلز کی اکثریت ٹیمیں شامل ہیں، نوجوان اور متحرک کھلاڑی یہاں موجود ہیں، ہمارے نوجوان دن بدن مہارت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شالیمار کرکٹ گرائونڈ کرکٹ کا خوبصورت میدان ہے جہاں شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید