کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افراد کیخلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا کراچی میں اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے اور ان کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو نامزد کرکے ایف آئی آرز کٹوائی جائیں گی۔ کمیٹی اجلاس میں متروکہ سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ممبران نے اپنی سفارشات پیش کیں اور اخراجات میں کمی یقینی بنانے کی تجاویز بھی دیں۔ سرکاری گاڑیوں کے استعمال، پیٹرولیم، آئل اور لبریکنٹس کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بے کار گاڑیوں کی نیلامی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی ممبران نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ریگولیٹ کرنے کیلئے واضح رہنما خطوط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ نیلامی کا عمل شفاف بنانے اور حاصل ہونے والے فنڈز ترجیحی منصوبوں کیلئے مختص کرنے کی تجاویز بھی دی گئی۔