کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں پر پابندی عائد ہونے کے باوجود عدالتی احکامات کو نہ مانتے ہوئے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین نے اپنے ہی ٹاؤن کے رہائشی علاقے میں کمرشل انسٹیٹیوٹ کھول لیا ہے۔ٹاؤن ناظم کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں درجنوں تعلیمی ادارے برسوں سے قائم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق مکینوں کا کہنا ہے کمرشل انسٹیٹیوٹ نارتھ ناظم آباد کےبلاک بی کے رہائشی علاقے یوسی 8میں کھولا گیا ہے اس یو سی کے چئیرمین جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن ہیں، کمرشل انسٹیٹیوٹ کے قیام پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ انسٹیٹیوٹ کے قیام سے علاقے کا سکون ختم ہوگیا ہے رہائشی سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں لوگ اپنے گھروں میں سکون سے رہ بھی نہی سکتے امن و امان کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور روز روز لڑائی جھگڑ ے معمول بن گیا ہے نارتھ ناظم آباد بلاک بیریزیڈنٹ ایسوسی ایشن نے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے کاروائی کی درخواست کی ہے کہ کھلم کھلا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے اور عدلیہ کی رٹ کو بحال کرا کے رہائشیوں کی پریشانیوں اور مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ دریں اثناء ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد کا بلاک بی ایجوکیشن حب ہےیہاں ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کی درجنوں برانچز ہیں حتیٰ کہ اس بلاک میں نرسنگ اسکول اور گرلز ہاسٹل تک ہیں ہمارا انسٹیٹیوٹ گزشتہ 24سال سے اے بلاک میں قائم تھا مالک مکان نے کچھ عرصہ قبل اسے خالی کرنے کا کہا جس کے بعد اسے ہم نے دوسری جگہ شفٹ کر دیا ہےاس کے سامنے کسی گھر کا درواز نہیں اور نہ ہی مکینوں کو کوئی پریشانی ہےسائیڈ گیٹ سے سروس روڈ پر طلبہ آتے جاتے ہیں اس کے باوجود اگر کسی مکین کو کوئی دشواری ہے تو وہ ہم سے رابطہ کرے ہم اسے حل کر دیں گے۔